دہرادون، 30؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس نے کہا ہے کہ اتراکھنڈ میں بدعنوانی اپنے عروج پر ہے اور اس کی تازہ مثال اتراکھنڈ سبورڈینیٹ اسٹاف سلیکشن کمیشن کے امتحان میں سامنے آئی ہے، جس میں اب تک 28 لوگوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ یہ فہرست جاری ہے اور بڑھ رہی ہے۔
اتراکھنڈ کے کانگریس جنرل سکریٹری انچارج دیویندر یادو، ریاستی کانگریس صدر کرن مہرا اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھوون چند کپاڈی نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اتراکھنڈ میں پیپر لیک معاملہ بہت سنگین ہے اور اس کی تحقیقات سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) سے کرائی جائےاور پورا معاملہ سی بی آئی کو سونپ دیاجائے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں بی جے پی کے ضلع پنچایت کے ایک رکن کو پکڑا گیا ہے۔ پہلے وہ ایک آئی اے ایس کے گھر باورچی تھے لیکن اچانک اتنی دولت جمع ہو گئی کہ وہ الیکشن لڑنے لگے اور عوام کا نمائندہ بن کر بی جے پی کے بڑے لیڈر بن گئے۔ اس کی گرفتاری سے صاف ہے کہ اس گھوٹالے کی ڈور دور دور تک جڑی ہوئی ہے۔
کانگریس لیڈروں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے پیپر لیک اسکیم کی جو تحقیقات کی جا رہی ہیں اس پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جس نے اتراکھنڈ میں نوکری حاصل کرنے کے لیے دن رات محنت کرنے والے امیدواروں کی محنت کو برباد کر دیا ہے وہ نوجوانوں کے ساتھ انصاف نہیں کر سکتی اس نے بس جانچ کا اعلان کر کے لیپا پوتی کی ہے۔کانگریس رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ اس سارے معاملہ کو سی بی آئی کے حوالے کر دیا جائے ۔